زیادتی کے بڑھتے واقعات قوم کیلئے باعثِ شرم ،پاسبان
قانونی پیچیدگیوں،کمزور تفتیش اور عدالتی تاخیر سے ملزمان سزا سے بچ نکلتے ہیں درندہ صفت مجرموں کیخلاف فوری وعبرتناک کارروائی کی جائے ، خلیل احمد تھند
کراچی (این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین خلیل احمد تھند و دیگر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر میں معصوم بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی، اغوا اور بعد ازاں قتل کے بڑھتے واقعات انتہائی تشویشناک، افسوسناک اور پوری قوم کیلئے باعثِ شرم ہیں۔ یہ واقعات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ مجرم عناصر قانون کے شکنجے اور سزا کے خوف سے بے نیاز ہو چکے ہیں۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے درندہ صفت مجرموں کے خلاف فوری، مؤثر اور عبرتناک کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں قوم کئی دل دہلا دینے والے واقعات دیکھ چکی ہے ۔ قصور کی ننھی زینب کا بہیمانہ قتل، کراچی میں کمسن بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کے متعدد واقعات، مختلف شہروں میں معصوم بچوں کے اغوا کے بعد ان کی لاشوں کا ملنا، اور حالیہ دنوں میں سامنے آنے والے ایسے کئی افسوسناک سانحات اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ معاشرے میں جنسی جرائم ایک خطرناک صورت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ اکثر ملزمان قانونی پیچیدگیوں، کمزور تفتیش یا عدالتی تاخیر کا فائدہ اٹھا کر سزا سے بچ نکلتے ہیں۔ خلیل احمد تھند نے حکومتِ پاکستان، پارلیمنٹ، عدلیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ بچوں کے ساتھ زیادتی، اغوا اور قتل کے مجرموں کے لیے سخت ترین سزاؤں کو یقینی بنایا جائے ، ایسے سفاک مجرموں کو سرعام عبرتناک سزائیں دی جائیں۔