محرم الحرام قربانی اور صبر کا پیغام دیتا ہے ،ثروت اعجاز
واقعہ کربلا انسانیت کیلئے ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا عظیم درس ہےاسلام امن، محبت اور اخوت کا علمبردار مذہب ہے ، چیئرمین سنی تحریک
کراچی(این این آئی)چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ محرم الحرام اسلام کیلئے دی جانے والی عظیم قربانیوں، صبر و استقامت اور حق و باطل کے درمیان واضح فرق کی یاد تازہ کرتا ہے ۔ یہ مقدس مہینہ امت مسلمہ کو یہ پیغام دیتا ہے کہ دین اسلام کی سربلندی، حق کی حفاظت اور انسانیت کی بقا کیلئے ہر دور میں عظیم قربانیاں دی گئی ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ ایک فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا اسلامی تاریخ کا وہ روشن اور عظیم باب ہے جس نے رہتی دنیا تک حق، سچائی، صبر اور استقامت کا پیغام عام کیا۔ نواس رسول ؐحضرت امام حسین اور اہلِ بیتِ اطہار نے میدانِ کربلا میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ثابت کر دیا کہ ظلم، جبر اور باطل قوتوں کے سامنے کبھی سر نہیں جھکانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی لازوال قربانیاں امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ہر مسلمان کو ان کی سیرت و کردار سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے ۔ حضرت امام حسین اور ان کے رفقا کی عظیم قربانی قیامت تک حق و صداقت کے متلاشیوں کے لیے حوصلے اور عزم کی علامت بنی رہے گی۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دینِ اسلام محبت، امن، رواداری، برداشت اور بھائی چارے کے فروغ کا درس دیتا ہے ۔ اسلام انسانیت کے احترام، عدل و انصاف اور باہمی اخوت کا علمبردار مذہب ہے ۔