نااہل قیادت نوجوانوں کو مایوس کررہی ، کاشف سعید
تعلیم، ہنرمندی اور روزگار کے لئے مؤثر و شفاف اقدامات ناگزیر اسلامی نظام ودیانتدار قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ ملک کا فرسودہ نظام، کرپٹ اور نااہل قیادت نوجوانوں کو مایوسی اور بے یقینی کی طرف دھکیل رہی ہے ۔ حکومت تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کی بہتر تعلیم و تربیت اور انہیں ہنرمند بنانے کیلئے کرپشن سے پاک اور مؤثر اقدامات کرے ۔ جماعت اسلامی کی بدل دو نظام تحریک نوجوانوں کیلئے امید کی کرن ہے جبکہ اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباءآڈیٹوریم میں ناظم اسلامی جمعیت طلبہ سندھ راومحمد مسلم کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔کاشف سعیدنے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے لیکن بدقسمتی سے نوجوانوں کو درپیش مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 80 لاکھ سے زائد افراد منشیات کے عادی ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے ،ملک بھر میں تقریباً تین کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں جن میں سندھ کے 78 لاکھ بچے بھی شامل ہیں۔ اسی طرح پاکستان میں 66 لاکھ سے زائد افراد بے روزگاری کا شکار ہیں جس کا مطلب ہے کہ ہر دس میں سے ایک شخص روزگار سے محروم ہے ۔ نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس ہیں جبکہ ڈاکٹرز، انجینئرز اور ہنرمند افراد بہتر مواقع کی تلاش میں بیرون ملک جانے پر مجبور ہیں۔