ظلم و جبر کیخلاف آواز بلند کرنا ہی حقیقی کامیابی ،شاداب رضا
یومِ عاشور حق، صبر، قربانی اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا پیغام دیتا ہے شہدائے کربلا کی قربانی رہتی دنیا تک حق کے متلاشیوں کیلئے مشعلِ راہ ہے
کراچی(این این آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ یومِ عاشورہ ہمیں حق و صداقت، صبر و استقامت اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے ہر قربانی دینے کا درس دیتا ہے ۔ نواسہ رسولؐ امام حسین اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک حق کے متلاشیوں کے لیے مشعلِ راہ ہے ۔ سیدنا امام حسین نے میدانِ کربلا میں باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ کر یہ ثابت کیا کہ حق کے لیے جدوجہد اور ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کرنا ہی حقیقی کامیابی ہے ۔ آپ کی شہادت نے دینِ اسلام کو نئی زندگی بخشی اور حق و باطل کے درمیان واضح لکیر کھینچ دی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیدنا امام حسین کی بیمثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا،شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ یومِ عاشورہ ہمیں اتحاد، اخوت، برداشت اور مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام دیتا ہے ۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سیرتِ امام حسین اور شہدائے کربلا کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے سے ظلم، ناانصافی اور نفرت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی لازوال قربانیاں قیامت تک یاد رکھی جائیں گی اور ان کا پیغام انسانیت کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گا۔ یومِ عاشورہ ہمیں یہ عہد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم ہر دور کے ظلم و جبر کے خلاف حق، انصاف اور سچائی کا پرچم بلند رکھیں گے ۔