سانگھڑ میں نوجوان قتل، محراب پور حادثے میں 2بھائی جاں بحق
چک 32روڈ پرشیر جان نشانہ بنا، حادثے میں شکیل، شرجیل موقع پرچل بسےڈوکری میں موٹر سائیکل سوار میاں بیوی دادو نہر میں جاگرے ، بیوی جاں بحق
سانگھڑ، اندرون سندھ (نمائندگان)سانگھڑ میں نوجوان کو قتل کردیا گیا، جبکہ محراب پور میں 2بھائی گاڑی تلے کچلے گئے ، ڈوکری میں نہر میں گرنے سے بیوی جاں بحق جبکہ شوہر کو نکال لیا گیا۔ سانگھڑ میں چک نمبر 32 روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے نوجوان شیر جان منگھنہار جاں بحق ہوگیا، نوجوان کو3 گولیاں لگیں، پولیس نے زخمی نوجوان کو موبائل کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تشویشناک حالت کے باعث شیر جان کو مزید علاج کیلئے نوابشاہ ریفر کیا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
ادھر محراب پور میں قومی شاہراہ پر اٹک پٹرول پمپ کے پاس ٹریلر نمبر ایس اے آئی 293 کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل سوار 2بھائی شکیل احمد منگی اور شرجیل احمد منگی کچل کر جاں بحق ہوگئے ، پولیس کے مطابق حادثے کے بعد فرار ہونے والے ٹریلر ڈرائیور کو گاڑی سمیت رانی پور ٹول پلازا سے گرفتار کرلیا گیا۔ دو دیگر ٹریفک حادثات میں خاتون، بچے سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے ۔ دریں اثنا ڈوکری سے دوا لیکر نوجوان شعبان بگھیو اپنی 18 سالہ حاملہ اہلیہ ساجدہ بگھیو کے ہمراہ واپس اپنے گاؤں برادی ساریا جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل کے سامنے کتا آجانے سے موٹر سائیکل سلپ ہوگئی، جس کے نتیجے میں دونوں میاں بیوی دادو کینال میں جاگرے ۔ گاؤں والوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نوجوان شعبان بگھیو کو بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا، جبکہ اس کی اہلیہ ساجدہ بگھیو ڈوب گئی، جس کی لاش سیتا روڈ سے برآمد کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments