تھانے سے غیرقانونی زیر حراست 4افراد بازیاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی آصف عباسی نے زمان ٹاؤن پولیس اسٹیشن پر چھاپہ مار کر غیر قانونی حراست میں رکھے گئے چار افراد کو بازیاب کرالیا۔
فاضل جج نے چاروں افراد کو رہا کرنے کا حکم دے دیا جبکہ ایس ایچ او زمان ٹاؤن کو 7 نومبر کو حراست سے متعلق ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔ مسمات فاطمہ نے محمد ہارون اور عظیم خان کی بازیابی کے لیے سیشن عدالت میں درخواست دائر کی تھی، جس پر سیشن جج شرقی نے جوڈیشل مجسٹریٹ آصف عباسی کو کارروائی کی ہدایت کی تھی۔ علاوہ ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی گلریز میمن نے غیر قانونی کال سینٹر کے ذریعے غیر ملکیوں سے فراڈ کے مقدمے میں 108 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے ملزمان کو 20، 20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments