حیدر آباد:پنشن کی عدم ادائیگی،عدالت کا حکام پر اظہار برہمی
مسئلے کا حل کیوں نہیں نکالا جا رہا، آخر ادائیگی میں کیا رکاوٹ؟ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ ایچ ایم سی،ایچ ڈی اے کو 2ماہ کے اندر پنشن ادا ،عملدرآمد رپورٹ پیش کرنیکا حکم
حیدر آباد (بیورو رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بینچ حیدرآباد نے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ریٹائرڈ ملازمین اور افسران کو پنشن و دیگر مراعات کی عدم ادائیگی کے خلاف دائر 30سے زائد آئینی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو دو ماہ کے اندر ملازمین کی بقایا پنشن ادا کرکے عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس عدنان کریم میمن اور جسٹس محمد جعفر رضا پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔ عدالت کے طلب کرنے پر محکمہ بلدیات کے سیکریٹری و دیگر متعلقہ افسران پیش ہوئے ۔ درخواست گزاروں کے وکلا نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایچ ایم سی سے وابستہ ریٹائرڈ ملازمین کو طویل عرصے سے پنشن ادا نہیں کی جا رہی، جس کے باعث بزرگ ملازمین شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور انہیں فاقہ کشی جیسی صورتحال کا سامنا ہے ۔اس موقع پر عدالت نے متعلقہ حکام سے سخت استفسار کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا کہ ریٹائرڈ ملازمین کو کیوں پریشان کیا جا رہا ہے ؟ ان کے مسئلے کا حل کیوں نہیں نکالا جا رہا اور آخر پنشن کی ادائیگی میں کیا رکاوٹ ہے ؟محکمہ بلدیات کے سیکریٹری نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ ملازمین پہلے ایچ ایم سی سے وابستہ تھے ، تاہم اب انہیں مختلف ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے حوالے کردیا گیا ہے ۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد متعلقہ حکام کو حکم دیا کہ ایچ ایم سی کے ریٹائرڈ ملازمین کی بقایا پنشن دو ماہ کے اندر ادا کرکے اس حوالے سے عملدرآمد رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments