سانگھڑ :حیسکو کا آپریشن ،250 سے زائد غیر قانونی کنکشن منقطع

سانگھڑ :حیسکو کا آپریشن ،250 سے زائد غیر قانونی کنکشن منقطع

لاکھوں روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر بھی 40 سے زائد صارفین کی بجلی کاٹ دی گئی واپڈا عملے کی نظامانی محلہ اور باکھوڑو روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں

 سانگھڑ (نمائندہ دنیا) سانگھڑ میں حیسکو کا آپریشن، غیر قانونی کنکشنز اور بلوں کی عدم ادائیگی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 250 سے زائد غیر قانونی کنکشن منقطع کر دیے ، جبکہ واجبات کی عدم ادائیگی پر بھی 40 سے زائد صارفین کے کنکشن کاٹ دیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق حیسکو آپریشن سانگھڑ کے ایس ڈی او ارشاد لغاری کی نگرانی میں واپڈا عملے نے نظامانی محلہ، باکھوڑو روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 250 سے زائد غیر قانونی بجلی کنکشن منقطع کر دئیے ۔ اس کے علاوہ لاکھوں روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر 40 سے زائد بجلی کنکشن بھی منقطع کر دیے گئے ۔ اس موقع پر ایس ڈی او ارشاد لغاری نے بتایا کہ انہیں شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر بجلی استعمال کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کنکشن ختم کر دیے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی کرنے والے نادہندگان کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس ڈی او ارشاد لغاری کا مزید کہنا تھا ایسے صارفین جو اپنے بجلی کے بل یکمشت ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے ، انہیں ان کی مالی حیثیت کے مطابق اقساط کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ صارفین پر ادائیگی کا بوجھ کم ہو اور حیسکو کے واجبات بھی وصول کیے جا سکیں۔ انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بجلی کے بل مقررہ وقت پر ادا کریں، کیونکہ بروقت ادائیگی سے متعلقہ علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی اور بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے اقدامات میں مدد مل سکتی ہے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...