پولیس آرڈرکے منتظر امیدواروں کا مارچ دولت پور پہنچ گیا
حکومت،آئی جی سندھ معاملے کا فوری نوٹس لیکر آفر آرڈر جاری کریں، امیدوار بصورت دیگر کراچی میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج کرینگے ، مظفر اوردیگر
دولت پور (نمائندہ دنیا) سندھ پولیس کانسٹیبل کا ٹیسٹ پاس کرنے والے آرڈر کے منتظر امیدواروں کا سکھر سے کراچی تک پیدل مارچ، قافلہ دولت پور پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس میں کانسٹیبل بھرتی کے لیے تمام مراحل میرٹ پر پاس کرنے والے آرڈر ملنے کے منتظر امیدواروں کا سکھر سے کراچی تک پیدل مارچ قافلہ تقریباً 160 کلومیٹر کا سفر طے کرتے ہوئے ساتویں روز دولت پور پہنچ گیا۔ احتجاجی قافلے کے رہنما مظفر جوکھیو، وکیل احمد ہالیپوٹو، محسن علی چنا، مہتاب علی و دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2024 میں پولیس کانسٹیبلز کی بھرتی کے لیے فزیکل ٹیسٹ، تحریری ٹیسٹ، انٹرویو، ویری فکیشن اور سی آر او سمیت تمام مراحل میرٹ پر پورے کرنے کے باوجود 2 سال سے جاب آرڈر نہیں دئیے جارہے ، جبکہ سندھ پولیس میں ہزاروں اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ ان کا کہنا تھا مسلسل احتجاج کے باوجود کسی نے ان کی فریاد نہیں سنی۔ کئی امیدوار انتظار کرتے کرتے اوور ایج ہوگئے ہیں، جبکہ سکھر رینج اور بدین سمیت کراچی رینج کے بعض اضلاع کی ویٹنگ لسٹیں تاحال جاری نہیں کی گئیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر سندھ پولیس میں 15 ہزار سے 60 ہزار تک بھرتیوں کی تجاویز ہیں تو پھر میرٹ پر پاس ہونے والے امیدواروں کو 2 سال تک کیوں انتظار میں رکھا جا رہا ہے ؟۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ ، وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیکر منتظر امیدواروں کو آفر آرڈر جاری کریں بصورت دیگر وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے شدید احتجاج کریں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments