سکھر:صحافیوں کا تحفظ بھی ذمہ داریوں میں شامل، ڈی آئی جی
جرائم کے خاتمے ، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری پولیس، پریس کا رشتہ اہم اور گہرا،ناصر آفتاب پٹھان ،پریس کلب کے وفد سے گفتگو
سکھر (بیورو رپورٹ) ڈی آئی جی سکھر رینج ناصر آفتاب پٹھان نے کہا ہے کہ پولیس امن و امان کے قیام کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے ، ضلع بھر میں امن و امان کے قیام، جرائم کے خاتمے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مسلسل مختلف اقدامات اور کارروائیاں جاری ہیں، پولیس اور میڈیا کا رشتہ معاشرے میں نہایت اہم اور گہرا سمجھا جاتا ہے ، صحافیوں کو بھی تحفظ فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری میں شامل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سکھر پریس کلب کے سیکریٹری سید احقر شاہ ،کیمرہ مین اینڈ فوٹو گرافر ایسوسی ایشن کے صدر عمران شیخ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ وفد میں بلال بھٹی،سید گلزار شاہ،حیات کھوکھرو دیگر شامل تھے ۔ وفد نے ڈی آئی جی سکھر رینج کو صحافیوں کو درپیش مشکلات و قانونی مسائل کے حوالے سے درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ جس پر ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جان و مال کا تحفظ فراہم کرنا ریاست اور پولیس کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے ،امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے شہر کے حساس علاقوں، داخلی و خارجی راستوں اور اہم تجارتی مراکز پر پولیس گشت اور اچانک ناکے چیکنگ کے نظام کو سخت کیا جارہا ہے جبکہ روپوش ملزمان، اشتہاری مجرموں، اور سٹریٹ کرائمز میں ملوث افراد کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشنز کیے جارہے ہیں۔ سکھر اور گردونواح بالخصوص کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کی گرفتاری ،مغویوں کی بازیابی کے لیے رینجرز و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر آپریشنز کئے ہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments