پاسپورٹ میں سفری ریکارڈ چھپانے کی کوشش ناکام

 پاسپورٹ میں سفری ریکارڈ چھپانے کی کوشش ناکام

مسافر نے پرانے پاسپورٹ سے ترک ویزا اور آف لوڈنگ کی مہر ہٹوا دی تھی سیف اللہ سانگھڑ کارہائشی،مزید کارروائی کے لیے ایچ ٹی سی کے حوالے کردیا گیا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے پاسپورٹ کے صفحات میں ردوبدل کے ذریعے سابقہ سفری ریکارڈ چھپانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق شمالی قبرص جانے والے مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) کراچی منتقل کردیا گیا۔سانگھڑ کا رہائشی مسافر سیف اللہ اسٹڈی ویزا پر استنبول کے راستے شمالی قبرص (ٹی آر این سی) جا رہا تھا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران جانچ پڑتال میں انکشاف ہوا کہ مسافر نے مارچ 2026 میں اپنے سابقہ پاسپورٹ پر شمالی قبرص میں داخلے کی کوشش کی تھی تاہم اسے داخلے سے روک کر پاکستان واپس بھیج دیا گیا تھا۔ترجمان کے مطابق مسافر کو جون 2026 میں لاہور ایئرپورٹ پر بھی آف لوڈ کیا گیا تھا۔ مزید جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا کہ مسافر نے اپنے پرانے پاسپورٹ سے ترک ویزا اور آف لوڈنگ کی مہر ہٹوا دی تھی بعد ازاں نیا پاسپورٹ حاصل کیا جس میں سابقہ سفری واقعات کا ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ابتدائی معلومات کے مطابق مسافر نے سفری دستاویزات قبرص میں مقیم حرمین نامی ایجنٹ کے ذریعے تیار کروائی تھیں۔ ایجنٹ کے کردار سمیت پاسپورٹ کے صفحات میں ردوبدل اور سابقہ سفری ریکارڈ چھپانے کے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...