بجلی شٹ ڈاؤن کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کل بند
لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل سمیت مختلف علاقوں میں فراہمی متاثر ہوگی شہر کو 130 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا، ترجمان واٹر کارپوریشن
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اشتراک سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر سالانہ مینٹی ننس کے سلسلے میں جمعے (کل) کو بجلی کی فراہمی 14 گھنٹے کے لیے معطل رہے گی۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق صبح 10 بجے سے رات 12 بجے تک بجلی کا شٹ ڈاؤن ہوگا۔ ترجمان کے مطابق بجلی کی بندش کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 21 میں سے 9 پمپس غیر فعال رہیں گے جس کے نتیجے میں شہر کو تقریباً 130 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ شہر کو یومیہ تقریباً 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے تاہم بجلی کے شٹ ڈاؤن کے دوران بھی 520 ملین گیلن پانی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ بجلی کی بندش سے لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل، گلشن اقبال، کلفٹن، صدر، لیاری، جناح، چنیسر، ناظم آباد، لیاقت آباد اور نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوگی جبکہ ناظم آباد اور گلبرگ ٹاؤن میں جزوی طور پر پانی کی فراہمی متاثر رہے گی۔ اس دوران لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس بھی بند رہیں گے ۔ ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کا سالانہ مینٹی ننس مکمل ہونے اور بجلی بحال ہونے کے بعد دھابیجی کے 9 میں سے 6 پمپس فعال کردیے جائیں گے ، جس کے بعد لانڈھی، کورنگی، ملیر اور شاہ فیصل کے علاوہ دیگر تمام متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی معمول پر بحال کردی جائے گی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ واٹر کارپوریشن کا سالانہ مینٹی ننس مزید 22 گھنٹے جاری رہے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments