ڈاکٹر ہسپتال کے قریب کار نہر میں جاگری، 4 افراد زخمی
ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا، تفتیش جاری ، حکام
لاہور(آن لائن)کینال روڈ پر ڈاکٹر ہسپتال کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک کار بے قابو ہو کر نہر میں جاگری، جس کے نتیجے میں افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ذرائع کے مطابق حادثے کے دوران دو موٹرسائیکلوں پر سوار تین افراد بھی زخمی ہوگئے جبکہ کار ڈرائیور بھی شدید زخمی ہوا۔ مجموعی طور پر چار افراد حادثے کی زد میں آکر زخمی ہوئے ہیں۔زخمیوں میں 25 سالہ عاقب، 25 سالہ نور خان، 21 سالہ شہریار اور 30 سالہ عمر شامل ہیں جنہیں فوری طور پر ریسکیو کیا گیا۔ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو نہر سے نکالا اور قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔