بجلی چوری سے منع کرنے پر مسلح افراد کا گھر پر حملہ،خاتون زخمی

بجلی چوری سے منع کرنے پر مسلح افراد کا گھر پر حملہ،خاتون زخمی

3 ملزم گرفتار ،مقدمہ درج، ملزموں پر گھر سے 90ہزار چرانے کابھی الزام

لاہور (کرائم رپورٹر )بجلی چوری سے منع کرنے پر مسلح افراد کا گھر پر حملہ، خاتون زخمی ،بجلی چوری سے منع کرنے پر مسلح افراد نے ایک شہری کے گھر پر دھاوا بول دیا، فائرنگ، تشدد اور لوٹ مار کے بعد ملزمان فرار ہوگئے ۔پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب فریق اول نے فریق دوم کو گھر کی چھت سے بجلی چوری کرنے سے منع کیا۔ اس پر ملزمان طیش میں آ گئے اور مسلح ہو کر گھر پر حملہ کر دیا۔ملزمان زبردستی گھر میں داخل ہوئے ، فائرنگ اور توڑ پھوڑ کی، جبکہ اہل خانہ پر تشدد بھی کیا۔ تشدد کے دوران رخسانہ نامی خاتون کا بازو توڑ دیا گیا۔ ملزمان گھر سے 90 ہزار روپے نقدی بھی لے اڑے ۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے ، جن میں برکت، قربان اور احسان شامل ہیں، جبکہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، اور جلد ہی انہیں بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں