سکول و کالجز کے اوقات میں ٹریفک روانی کیلئے انتظامات
شہرکی مصروف شاہراہوں پر دوسوسے زائد سکولوں کے باہر اضافی وارڈنز تعینات اہم سڑکوں پر سو اضافی ٹریفک ریسپانس یونٹس ، پٹرولنگ افسر بھی ڈیوٹی دینگے
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر ٹریفک پولیس لاہور نے سکول و کالجز کے اوقات میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے خصوصی انتظامات کر لیے ۔ مصروف اور اہم شاہراہوں پر واقع 200 سے زائد سکولوں کے باہر اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کر دئیے گئے جبکہ شہر کی مصروف شاہراہوں پر 100 اضافی ٹریفک ریسپانس یونٹس اور پٹرولنگ افسر بھی فرائض انجام دینگے ۔سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی نے سکول کھلنے اور چھٹی کے اوقات میں سرکل افسروں کو خود فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، اقبال روڈ، وحدت روڈ، مولانا شوکت علی روڈ اور کینال روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر اضافی نفری تعینات کردی گئی ۔سی ٹی او نے سرکل افسروں کو سکول و کالج انتظامیہ سے میٹنگز کرنے اور ٹریفک انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے کہا ہے کہ چھٹی کے اوقات میں سکولوں کے باہر صرف ایک لائن میں پارکنگ کی اجازت ہوگی۔ ڈبل لین پارکنگ اور سکول و کالجز کے باہر ریڑھیوں اور ٹھیلوں کیخلاف کارروائی کی جائے ۔ سی ٹی او نے انچارج ایجوکیشن یونٹ کو ٹریفک سکاؤٹس پروگرام جبکہ انچارج ڈرائیونگ سکولز کو سکوٹی ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کا بھی حکم دیا اورکہا سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں میں روڈ سیفٹی سے متعلق خصوصی لیکچرز کا شیڈول بھی مرتب کیا جائے تاکہ طلبہ میں ٹریفک قوانین اور محفوظ ڈرائیونگ کاشعور اجاگر کیا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments