اربن فاریسٹ کو فروغ نہ مل سکا،پیشرفت محدود
لنگز آف لاہور پروگرام کے تحت دریائے راوی کے دونوں اطراف 800ایکڑ اراضی پر شجرکاری ہونا تھی، ابتک صرف 20ایکڑ پر پودے لگائے جا سکے2022 کے بعد شہر میں کوئی نیا میاواکی جنگل نہ لگا یاجا سکا،شہری ماحول بہتر بنانے کیلئے مختلف لینڈ پاکٹس پر شجرکاری کا عمل بھی متاثر ،منصوبے تکمیل کے منتظر
لاہور(شیخ زین العابدین )لاہور میں اربن فاریسٹ کے فروغ اور شہر کے گرین کور میں اضافے کیلئے بڑے اہداف مقرر کیے گئے مگر عملی پیشرفت محدود ہو کر رہ گئی۔پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں5کروڑ نئے درخت لگانے کا منصوبہ بنایاجبکہ لاہور میں لنگز آف لاہور کے نام سے خصوصی شجرکاری پروگرام شروع کیا گیا۔پی ایچ اے کے مطابق لنگز آف لاہور کے تحت دریائے راوی کے دونوں اطراف 800 ایکڑ اراضی پر شجرکاری ہونا تھی تاہم ابتک صرف 20 ایکڑ پر پودے لگائے جا سکے ۔یوں منصوبے کیلئے مختص 780 ایکڑ اراضی تاحال شجرکاری سے محروم ہے ۔لاہور میں ماضی کے دوران 51 مقامات پر میاواکی جنگلات قائم کیے گئے جن کا مقصد کم رقبے میں زیادہ تعداد اور تیزی سے بڑھنے والے درخت لگا کر شہری ماحول کو بہتر بنانا تھاتاہم مالی سال 2022 کے بعد لاہور میں ایک بھی نیا میاواکی جنگل نہ لگا یاجا سکا۔میاواکی تکنیک کے ذریعے گنجان آباد علاقوں میں چھوٹی جگہوں پر گھنے جنگلات لگانے کا تصور بھی مزید آگے نہ بڑھ سکاجبکہ اربن فاریسٹ کیلئے واگزار کرائی گئی سرکاری اراضی اور مختلف لینڈ پاکٹس پر شجرکاری کا عمل بھی متاثر ہے ۔رنگ روڈ کے اطراف میاواکی جنگل لگانے کا منصوبہ بھی عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔لاہور کے مختلف پارکس میں اربن فاریسٹ کیلئے مختص مقامات پر بھی شجرکاری مکمل نہ ہو سکی، شہر میں سبزہ بڑھانے کے کئی منصوبے تاحال تکمیل کے منتظر ہیں۔شہر میں شجرکاری کے دائرہ کار کو بڑھانے کی بجائے اب توجہ لنگز آف لاہور اور گرین کوریڈور جیسے منصوبوں تک محدود ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ڈی جی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید کے مطابق لنگز آف لاہور منصوبے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور شجرکاری جاری ہے ۔ گرین کوریڈور پراجیکٹ بھی لاہور کے ٹری کور میں اضافے کا باعث بن رہا ہے تاہم سرکاری اہداف، مختص اراضی اور عملی شجرکاری کے اعداد و شمار کے درمیان نمایاں فرق برقرار ہے ۔لاہور میں اربن فاریسٹ کے نام پر منصوبہ بندی تو مسلسل سامنے آ رہی ہے مگر چار سال سے نئے میاواکی جنگل کا آغاز نہ ہونا اور 800 ایکڑ میں سے صرف 20 ایکڑ پر شجرکاری ہونا شہر کے گرین کور بڑھانے کی رفتار پر سوال ضرور اٹھا رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments