الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت تکمیل ناظرہ قرآن کی تقریب
نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کیلئے قرآن سے جوڑنا ضروری ہے :صبا ثاقب
لاہور (آن لائن)الخدمت خواتین فاؤنڈیشن ٹرسٹ کی نائب صدر صبا ثاقب نے کہا ہے کہ قرآنِ پاک اللہ تعالیٰ کی آخری آسمانی کتاب اور پوری انسانیت کے لیے ہدایت و رہنمائی کا ابدی سرچشمہ ہے ۔ قرآنِ مجید نا صرف مسلمانوں بلکہ تمام انسانیت کے لیے مشعلِ راہ اور زندگی کے ہر شعبے کے لیے مکمل ضابط حیات ہے ۔ امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے ، اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو قرآنی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔ نئی نسل کی دینی، اخلاقی اور روحانی تربیت کے لیے بچوں کو ابتدائی عمر ہی سے قرآنِ پاک کی تعلیم سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تکمیلِ ناظرہ قرآنِ پاک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ناظرہ قرآن کی تعلیم مکمل کرنے والے انتیس طلبا و طالبات کو اسناد، قرآنی نسخہ اور تحائف سے بھی نوازاگیا۔تقریب میں انچارج ایجوکیشن پروگرام رخسانہ ارشد،سائرہ ابرار،بچوں کے والدین اور دیگر مہمانوں نے بھی شرکت کی۔صبا ثاقب نے کہا کہ والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو جدید اور دنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم سے بھی آراستہ کریں اور انکی ابتدائی تربیت میں قرآنِ پاک کی تعلیم کو خصوصی اہمیت دیں۔ آج امت مسلمہ جن فکری، اخلاقی اور معاشرتی مسائل سے دوچار ہے ، انکی ایک بڑی وجہ قرآن و دین کی تعلیمات سے دوری اور دنیا کی مصنوعی چمک دمک میں کھو جانا بھی ہے ۔ نئی نسل کو قرآنِ پاک صرف پڑھایا ہی نہ جائے بلکہ اس کے معانی، مفاہیم اور تعلیمات سے بھی روشناس کرایا جائے تاکہ وہ نیک، باکردار اور معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments