جائیداد و نکاح تنازع، فریقین کے ایکدوسرے پر سنگین الزامات
زیادتی، چوری، تشدد اور قبضے کے دعوؤں پر الگ الگ مقدمات درج، تفتیش جاری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)تھانہ دائرہ دین پناہ میں جائیداد اور مبینہ نکاح کے تنازع پر دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرا دیے ، جس کے بعد پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے ۔پہلے مقدمے کے مطابق وارڈ نمبر 14 سی کوٹ ادو کے رہائشی مختیار احمد نظامی نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے سلمیٰ بی بی کی مالی مدد کی اور بعد ازاں شرعی نکاح کیا۔ اس کے مطابق دونوں بستی سرکاراں میں خریدے گئے مکان میں رہائش پذیر تھے ، تاہم بعد میں سلمیٰ بی بی نے محمد عنصر، اعجاز حسین اور منظور حسین کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر جعلی رجسٹری کروا لی۔ ایف آئی آر کے مطابق 30 جون کو ملزمان گھر میں داخل ہوئے ، قیمتی سامان اور طلائی انگوٹھی سمیت تقریباً 5 لاکھ 10 ہزار روپے مالیت کا سامان لے گئے۔
، مزاحمت پر تشدد کیا اور دھمکیاں دیں۔دوسری جانب سلمیٰ بی بی نے مقدمہ درج کراتے ہوئے الزام لگایا کہ مختیار احمد اور ایک نامعلوم شخص رات کے وقت زبردستی گھر میں داخل ہوئے ، جہاں مختیار احمد نے اس کی مرضی کے خلاف مبینہ زیادتی کی جبکہ ساتھی اسلحہ کے زور پر دھمکیاں دیتا رہا۔ شور مچنے پر دونوں فرار ہو گئے ۔ مدعیہ کے مطابق ملزم اس کی جائیداد پر قبضہ کرنا چاہتا ہے ۔ پولیس نے دونوں مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔