جرائم پیشہ عناصر کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشنز مزید مؤثر بنانے کی ہدایت
ایس ایس پی آپریشنز کا اجلاس، پولیس کارکردگی، زیر التوا چالان اور امن و امان کا جائزہ
ملتان (کرائم رپورٹر)ایس ایس پی آپریشنز ملتان نے سی پی او کمپلیکس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی پرفارمنس انڈیکیٹرز ، زیر التوا چالانوں اور پولیس کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور دیگر پولیس افسروں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران جرائم کی روک تھام، عوامی شکایات کے بروقت ازالے ، امن و امان کی صورتحال اور زیر التوا مقدمات کے چالان بروقت عدالتوں میں جمع کرانے سمیت مختلف قانونی و انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ایس ایس پی آپریشنز نے افسروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور پولیسنگ کے تمام شعبوں میں مزید بہتری لائی جائے ۔
انہوں نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے منشیات فروشوں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں، ڈکیت گینگز اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر پولیسنگ اور بروقت قانونی کارروائی سے جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے اعتماد میں اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے ۔