جھنگ :سڑکوں پر ٹریفک جام ‘وارڈنزچالان کرنے میں مصروف
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام، چوک چوراہوں پر کھڑے ٹریفک وارڈنز فقط چالان کرنے میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جھنگ میں ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا، کوٹ روڈ ،شہید روڈ، کچہری روڈ، یوسف شاہ روڈ ،سرکلر روڈ، ایوب چوک اور دھجی شاہ روڈ کے علاوہ دیگر شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ۔ مختلف چوکوں اور چوراہوں پر کھڑے ٹریفک پولیس اہلکار صرف چالان کاٹنے میں اور موبائل فون پر مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی صرف چوک پر کھڑے ہونے اور شہریوں کے چالان کرنے کی نہیں بلکہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانا بھی ان کی ذمہ داری ہے ،سکول و کالج کے اوقات میں بھی شہر میں بد ترین ٹریفک جام رہتا ہے ،منٹوں کا سفر گھنٹعں میں طے ہوتا ہے ۔عوامی سماجی حلقوں سمیت شہریوں نے ڈی پی او جھنگ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔