انتظامیہ تالابوں پر قبضوں کی روک تھام میں ناکام
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ضلع میں سینکڑوں دیہات میں نکاسی آب کے لئے بنائے گئے تالابوں پر ناجائز قبضوں کی روک تھام کے حوالے سے انتظامیہ ناکام جبکہ سائلین دفاتر میں کاک بال بن کر رہ گئے ہیں ۔
دیہی آبادیوں کے باہر بڑے بڑے تالاب بنائے گئے تھے ،اور تمام کے تمام سرکاری جگہوں پر قائم ہوئے ، مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بااثر افراد نے ان تالابوں پر مٹی ڈال کر قبضہ کر کے پختہ تعمیرات قائم کر لیں، اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے ۔قبل ازیں ایک تحقیقاتی ادارے کی جانب سے اس ضمن میں محکمہ مال کی مبینہ ملی بھگت کی نشاندہی کرتے ہوئے یہ بھی آگاہ کیا گیا تھا کہ صورتحال کے تدارک کیلئے سابقہ انتظامیہ اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کر چکی ہے مگر کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی بلکہ یہ سلسلہ اب دراز ہو چکا ہے اور لگ بھگ تین سو سے زائد دیہات ایسے ہیں جہاں نکاسی آب کیلئے بنائے گئے سرکاری تالابوں پر مٹی ڈال کر لوگوں نے قبضہ جما رکھے ہیں، جس کے باعث ان دیہات میں نکاسی آب کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے ،اور لوگ درخواستیں اٹھائے متعلقہ دفاتر میں کاک بال بن کر رہ گئے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب اس حوالے سے فوری ایکشن لے کر جگہیں واگزار کروانے کے ساتھ ساتھ ذمہ داروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائیں اور مربوط حکمت عملی اختیار کر کے مستقل بنیادوں پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے ۔