مظفر گڑھ : رکشے میں گیس سلنڈر دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 14 زخمی

مظفر گڑھ : رکشے میں گیس سلنڈر دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 14 زخمی

دوزخمیوں کی حالت تشویشناک ،وزیراعلیٰ مریم نواز کا قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت، رپورٹ طلب

مظفر گڑھ ،ملتان(سٹی رپورٹر،کرائم رپورٹر، لیڈی رپورٹر)رکشے میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 3افراد جاں بحق 14زخمی ہوگئے ، بدقسمت خاندان مظفر گڑھ سے ملتان آرہا تھا، پل عاشق آباد ناگ شاہ کے قریب واقعہ پیش آیا، وزیراعلیٰ مریم نواز کا قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت، رپورٹ طلب کرلی ،زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کا حکم دے دیا ۔ تفصیل کے مطابق بدقسمت خاندان رکشہ میں سوار ہوکر مظفر گڑھ کے علاقے چوک قریشی سے ملتان آرہا تھا پل عاشق ناگ شاہ کے قریب گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا۔

دھماکے کے بعد رکشے میں آگ بھڑک اٹھی ،تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ مرنے والوں میں 12سالہ لڑکی، 15سالہ لڑکا اور 48سالہ خاتون شامل ہے جبکہ 14 افراد کو شدید زخمی حالت میں ریسکیو کر لیا گیا۔ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا۔ امدادی کارروائی میں 9 ایمرجنسی گاڑیاں، 5 ایمبولینسز، ایک موٹر بائیک ایمبولینس، 2 فائر وہیکلز اور 26 ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا۔ زخمیوں میں نصرت، نذیراں ، بھراون مائی ، سکینہ ، حاجرہ ، سوہانہ ، منیر حسین ، فضل حسین ، نادیہ بی بی ، جنت بی بی ، صغراں بی بی، رقیہ مائی ، شاہ زیب اور ثقلین شامل ہیں ۔پولیس کی جانب سے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں