لڑکیوں کے اغوا، زیادتی کا ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک
کھیالی کے علاقہ میں حراست سے فرار کی کو شش میں شانی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا
گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر)گوجرانوالہ کے تھانہ کھیالی کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے اور فروخت کرنے والا ملزم ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ملزم بچوں کو اغواکر کے فروخت کرنے اور لڑکیوں سے زیادتی جیسی سنگین وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم ارسلان عرف شانی تھانہ کھیالی میں 13 سالہ بچی کے اغوا اور زیادتی کے مقدمہ میں جسمانی ریمانڈ پر تھا، پولیس حراست سے فرار کی کوشش کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا۔ ہلاک ملزم نے کھیالی کے علاقہ سے دو روز قبل 13 سالہ بچی کو مدرسہ جاتے ہوئے اسلحہ کے زور پر اغوا کر کے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ سی پی او ڈاکٹر غیاث گل خان کا کہنا ہے کہ عورتوں اور بچوں کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے ، قانون شکن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔