Published on:04 January, 2019

بیرون ملک سے سال میں صرف 5 موبائل فون لانے کی اجازت

کراچی: (روزنامہ دنیا) ملک بھر میں موبائل فون کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے نئی پالیسی پر عملدرآمد شروع ہو گیا، بیرون ملک سے آنے والے مسافر سال میں 5 سے زیادہ موبائل فون نہیں لاسکتے۔

ایئرپورٹ پر موجود پی ٹی اے کے کاؤنٹر پر آئی ایم ای آئی نمبر کا اندراج کرانا ضروری ہو گا۔ کسٹمز حکام کے مطابق وفاقی حکومت نے موبائل فونز کی درآمد کے لیے پی ٹی اے کا کلیئرنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا ہے، آئندہ صرف پی ٹی اے کی منظور کردہ اقسام کے موبائل فون سیٹ درآمد کیے جا سکیں گے، جس کے لئے وزارت تجارت کی جانب سے امپورٹ پالیسی آرڈر 2016 میں ترمیم کردی گئی ہے۔

امپورٹ پالیسی کے مطابق کوئی بھی مسافر ایک سال میں 5 موبائل فونز سے زیادہ نہیں لاسکتا، اس سے زیادہ لانے والے موبائل فونز کو ضبط کر لیا جائے گا جب کہ آئی ایم ای آئی کی رجسٹریشن کے بغیر چلنے والا موبائل فون بلاک ہو جائے گا۔

کسٹمز حکام کے مطابق کوئی بھی مسافر بیرون ملک سے آئے گا تو اسے ائیر پورٹ پر موجود کاؤنٹر پر آئی ایم ای آئی کا اندراج کرانا ضروری ہے جسے پی ٹی اے کے سوفٹ ویئر کے ذریعے فوری رجسٹرڈ کرلیا جائے گا۔ نئی امپورٹ پالیسی کے تحت مختلف برانڈز کے 186 اقسام کے موبائل فون پر 42 سے 430 ڈالر فی موبائل فون سیٹ تک کی درآمدی ویلیو کے مطابق کسٹمز ڈیوٹی و دیگر ٹیکس وصول کیے جائینگے جب کہ درآمد کنندگان کو پی ٹی اے کی جانب سے ڈی آئی آر بی ایس سسٹم کے ذریعے وائٹ لسٹ سے میچ کرنے اور موبائل فونزکی درست جی ایس ایم اے آئی ایم ای آئی نمبر یقینی بنانے کے بعد جاری کیا جانے والا کلیئرنس سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں