مارچ کی نسبت اپریل 2024ء میں برآمدات میں کمی ریکارڈ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مارچ کی نسبت اپریل 2024ء میں برآمدات میں 8.67 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ ماہ کے دوران برآمدات کا کل حجم 2 ارب 34 کروڑ ڈالر سے زائد ریکارڈ ہوا، مارچ 2024 کے دوران برآمدات کا حجم 2 ارب 57 کروڑ ڈالر سے زائد تھا۔

ادارہ شماریات کے مطابق اپریل 23 کی نسبت اپریل 2024 میں برآمدات میں 10.02 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا، رواں مالی سال کے 10 ماہ میں برآمدات میں 9.10 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے اپریل کے دوران 25 ارب 28 کروڑ ڈالر کی برآمدات ہوئیں، گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 23 ارب 17 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی برآمدات ہوئی تھیں۔

اپریل 2024 میں مارچ کی نسبت درآمدات میں 3.08 فیصد کی کمی ہوئی، اپریل 24ء میں اپریل 23ء کی نسبت درآمدات میں 58 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے 10 ماہ میں درآمدات میں 4.09 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال جولائی سے اپریل کے دوران 44 ارب 79 کروڑ ڈالر کی درآمدات ہوئیں، گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 46 ارب 70کروڑ ڈالر سے زیادہ کی درآمدات کی گئی تھیں۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے اپریل تک 19 ارب 51 کروڑ ڈالر کا تجارتی خسارہ ریکارڈ کیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں