مختلف اضلاع میں سبزیوں کی قیمتوں سے متعلق رپورٹ طلب

لاہور: (دنیا نیوز) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے مختلف اضلاع میں سبزیوں کی قیمتوں کے تقابلی جائزہ سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری صنعت نے اشیائے ضروریہ کے نرخوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، خوراک، زراعت، لائیو سٹاک کے محکموں کے سیکرٹریز، متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

دوران اجلاس اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا جبکہ پرائس کنٹرول میکانزم کو مؤثر بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں اہم بازاروں میں اشیائے خورونوش کی دکانوں کی میپنگ کی تجویز دی گئی، چیف سیکرٹری نے نیلامی کے عمل میں زرعی اجناس کی قیمتوں کے درست تعین کیلئے ایس او پیز تیار کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اخترزمان کا کہنا تھا کہ مختلف اضلاع میں آلو، پیاز اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں واضح فرق کا کوئی جواز نہیں، اضلاع کی منڈیوں میں مقرر کئے گئے نرخوں کا موازنہ کرکے رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر بھجوائی جائے، نوٹیفائیڈ قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

زاہد اختر زمان نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ کام نہ کرنے والے پرائس مجسٹریٹس کیخلاف ایکشن لیں، عوام کو مہنگائی سے ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، کوتاہی برداشت نہیں، تمام دکانوں پر نرخنامے نمایاں طور پر آویزاں ہونے چاہئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں