حکومتِ پاکستان کا روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومتِ پاکستان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (RDA) کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

غیر ملکی شہریوں، کمپنیوں اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو روشن ڈیجیٹل اور حکومتی سکیورٹیز سمیت نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کی اجازت ہوگی، یہ اقدام مالیاتی منڈیوں سے روابط بڑھانے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کا مظہر ہے۔

تقریباً 1 کروڑ 10 لاکھ پاکستانیوں پر مشتمل بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی دنیا کی بڑی اور متحرک کمیونٹیز میں شامل ہے، مشرق وسطیٰ، یورپ، شمالی امریکہ اور مشرق بعید میں مقیم پاکستانی، میزبان معیشتوں میں کردار ادا کرتے ہوئے وطن میں اپنے خاندانوں اور کمیونٹیز کی مدد کر رہے ہیں۔

اوورسیز پاکستانی نہ صرف ملکی معیشت کی مضبوطی کا ذریعہ ہیں بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کی ثقافت، کاروباری صلاحیت اور اقدار کے سفیر بھی ہیں۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2025 میں ترسیلاتِ زر 38.3 ارب ڈالر سے بڑھ گئیں جو گزشتہ سال سے 26.6 فیصد زیادہ ہیں، مالی سال 2026 میں ترسیلاتِ زر کے 42 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

یہ کارکردگی بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد اور ملک کی معیشت کی بہتری میں ان کی مسلسل حمایت کی عکاسی کرتی ہے، پاکستان دنیا میں ترسیلاتِ زر حاصل کرنے والے ممالک میں پانچویں جبکہ جنوبی ایشیا میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

ترسیلاتِ زر پاکستان کے بیرونی کھاتوں کے استحکام کے لیے سب سے اہم عنصر ہیں، سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر اس وقت تقریباً 16.3 ارب ڈالر جبکہ مجموعی ذخائر 21.6 ارب ڈالر کے قریب ہیں۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سکیم 10 ستمبر 2020ء کو متعارف کرائی گئی، ”دور رہ کر بھی پاس“ کے نعرے کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو آسان ڈیجیٹل طریقے سے بینکاری اور سرمایہ کاری سے جوڑنا مقصد تھا۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے بیرون ملک پاکستانی بغیر پاکستان آئے اپنا بینک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی حکومتی سیکیورٹیز، نیا پاکستان سرٹیفکیٹس، پاکستان سٹاک ایکسچینج، میوچل فنڈز اور دیگر ڈیجیٹل بینکاری سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔

گزشتہ ساڑھے پانچ سال میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، فروری 2026 کے اختتام تک 9 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں، مجموعی سرمایہ کاری 12 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ، سٹیٹ بینک آف پاکستان اور اس پروگرام میں شامل بینکوں کو اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا دائرہ کار غیر ملکی شہریوں، کمپنیوں اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں تک بڑھانے سے پاکستان ایک پرکشش سرمایہ کاری منزل کے طور پر مزید مضبوط ہوگا اور مالیاتی منڈیوں میں وسعت آئے گی۔

اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے، حکومتی اصلاحات، مضبوط ڈیجیٹل نظام اور مالیاتی سہولیات میں توسیع کے ذریعے ایک شفاف، محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور ملک کے معاشی مستقبل کا حصہ بنیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں