منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کا پاکستان کی معاشی اصلاحات پر اظہار اطمینان
واشنگٹن: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر نے پاکستان کی اصلاحات اور معاشی استحکام کی تعریف کی ہے۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران پاکستان کی معاشی اصلاحات میں پیش رفت کو سراہا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اصلاحاتی پروگرام پر مؤثر عملدرآمد کے باعث معاشی استحکام برقرار رکھنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
— Ministry of Finance, Government of Pakistan (@Financegovpk) April 16, 2026
کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ مضبوط معاشی پالیسیاں اور گہری ساختی اصلاحات کا تسلسل، پائیدار معاشی ترقی کے حصول اور عوام کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کیلئے نہایت ضروری ہیں۔
وزارتِ خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے یہ مثبت ریمارکس پاکستان کی ذمہ دارانہ معاشی پالیسی سازی اور اصلاحاتی اقدامات پر عالمی اعتماد میں اضافے کی عکاسی کرتے ہیں جو مستقبل میں معاشی استحکام کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔