وزیر توانائی کی زیر قیادت پاور سیکٹر میں پہلی بار جدید ڈیٹا گورننس کونسل کا قیام
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر توانائی اویس لغاری کی قیادت میں پبلک سیکٹر میں پہلی بار ڈیٹا گورننس کونسل قائم کر دی گئی ہے، کونسل میں پاور سیکٹر کے تمام اداروں کی نمائندگی شامل ہے جبکہ اسے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی مشاورت سے تشکیل دیا گیا ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق جنکوز، ڈسکوز، ٹرانسمیشن کمپنیوں اور ریگولیٹری اداروں کا ڈیٹا اب ایک مربوط نظام کے تحت ہم آہنگ کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کے پاس ایک جدید، مربوط اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ پاور ڈیٹا ایکو سسٹم دستیاب ہوگا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل مختلف اداروں کے الگ الگ اعداد و شمار اور نظام موجود تھے، جبکہ کمزور کوالٹی کنٹرول اور ناکافی ڈیٹا سکیورٹی کے باعث شعبے سے متعلق متضاد رپورٹس سامنے آتی تھیں، ڈیٹا میں ہم آہنگی نہ ہونے سے منصوبہ سازی اور فیصلہ سازی کے عمل بھی متاثر ہو رہے تھے۔
بیان کے مطابق ڈیٹا گورننس کونسل کو عالمی معیار DAMA-DMBOK کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے، کونسل کی نگرانی میں ایک مرکزی ڈیٹا ریپوزیٹری قائم کی جائے گی جو پورے شعبے کا ڈیٹا ایک واحد، مستند اور قابلِ تصدیق پلیٹ فارم پر یکجا کرے گی۔
ترجمان نے کہا کہ کونسل کے قیام سے ادارے، منصوبہ ساز، ریگولیٹرز اور سرمایہ کار ایک ہی قابلِ اعتماد ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلے کر سکیں گے، اس کے ذریعے بجلی کی طلب کا درست تخمینہ، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور خطرات کی بروقت نشاندہی ممکن ہوگی جبکہ وسائل کے دانشمندانہ استعمال کو بھی فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کونسل کا قیام شفافیت، بین الاقوامی سرمایہ کاری اور مستقبل کی مضبوط بنیاد کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہے، حکومتِ پاکستان ڈیٹا کو ایک اہم قومی اثاثہ تصور کرتی ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو تصدیق شدہ ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگی، جس سے سرمایہ کاری سے متعلق فیصلوں کا عمل مزید تیز ہوگا۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق پاکستان توانائی کے شعبے میں طویل مدتی غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے ایک شفاف اور قابلِ اعتماد مقام کے طور پر ابھرے گا، حکومتِ پاکستان کو ڈیٹا گورننس کونسل کے اس تاریخی اقدام پر فخر ہے اور یہ کونسل شفاف، ذمہ دار اور مؤثر حکمرانی کی مضبوط اور پائیدار بنیاد ثابت ہوگی۔