مئی کے دوران وطن بھیجی جانے والی ترسیلات زر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں
لاہور: (دنیا نیوز) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مئی 2026 کے دوران وطن بھیجی جانے والی ترسیلات زر ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق مئی میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں 4.3 ارب امریکی ڈالر موصول ہوئے، جو کسی بھی ایک ماہ میں موصول ہونے والی سب سے زیادہ مالیت کی ترسیلات قرار دی جا رہی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق مئی 2026 میں ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 20.2 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 15.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے مئی کے دوران 4 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں جو ایک نئی ریکارڈ سطح ہے۔
مجموعی طور پر جولائی تا مئی مالی سال 2025-26 کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر 9.2 فیصد اضافے کے ساتھ 38.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ حجم 34.9 ارب ڈالر رہا تھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق مئی 2026 کے دوران ترسیلات زر کا سب سے بڑا حصہ سعودی عرب سے موصول ہوا جہاں سے 1 ارب 25 ملین ڈالر پاکستان بھیجے گئے، اس کے بعد متحدہ عرب امارات سے 1 ارب 6.6 ملین ڈالر، برطانیہ سے 645.5 ملین ڈالر اور امریکا سے 349.8 ملین ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مسلسل بڑھتی ہوئی ترسیلات زر نے نہ صرف مئی 2026 میں نئی ریکارڈ سطح قائم کی بلکہ مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران مجموعی ترسیلات زر کو بھی نمایاں طور پر بڑھا دیا۔