وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی بجٹ کی منظوری دے دی
پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی بجٹ کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں کابینہ نے آئندہ مالی سال (27۔2026) کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔
خیبرپختونخوا کا آج پیش ہونے والا بجٹ کی مکمل دستاویز دنیا نیوز کو موصول ہوگئی۔
دستاویز کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام کے 2 ہزار 765 منصوبوں کے لیے 519 ارب روپے مختص کردیئے گئے، جن میں بندوبستی اضلاع کے 2070، ضم اضلاع 318 اور اے آئی پی کے 377 منصوبے شامل ہیں۔
بجٹ دستاویز کے مطابق کل منصوبوں میں 15 سو 64 پرانے اور 12 سو 1 نئے منصوبے شامل ہیں۔
سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 44 فیصد فنڈز انفراسٹرکچر، 19 فیصد سوشل، اور 13 فیصد فنڈز گورننس کے شعبے پر خرچ کیے جائیں گے، اسی طرح پیداواری شعبے کے لیے 9 فیصد جبکہ گرین سیکٹر کے لیے 5 فیصد فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں پر 71 فیصد فنڈز صوبائی خزانے اور 29 فیصد فنڈز غیر ملکی اداروں کا خرچ ہوگا، جبکہ غیر ملکی امداد پر صوبے میں 56 منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 71 فیصد فنڈز جاری منصوبوں جبکہ 29 فیصد فنڈز نئے منصوبوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں، دستاویز کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 24 ارب روپے کا تھرو فارورڈ بھی شامل ہے۔