11 ویں کلر اینڈ کیم ایکسپو 2026 کامیابی سے اختتام پذیر، صنعتی تعاون کو نئی تقویت

لاہور: (دنیا نیوز) رنگ سازی، کیمیکلز اور متعلقہ صنعتوں کی پاکستان کی سب سے بڑی اور ممتاز نمائش 11ویں کلر اینڈ کیم ایکسپو 2026 اتوار کے روز لاہور ایکسپو سینٹر میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔

اس نمائش کا انعقاد ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل نے رین بو گروپ اور پنجاب ڈائز اینڈ کیمیکلز مرچنٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیا۔

نمائش میں چین، ترکیہ، بنگلہ دیش سمیت مختلف ممالک کی کمپنیوں سمیت 350 سے زائد ملکی و بین الاقوامی نمائش کنندگان نے ڈائز، کیمیکلز اور متعلقہ صنعتوں کے لیے جدید ترین مصنوعات، ٹیکنالوجیز اور جدید حل پیش کیے۔

اس موقع پر لاکھوں روپے مالیت کے متعدد بزنس ٹو بزنس (B2B) معاہدے بھی طے پائے۔

نمائش میں پاکستان اور بیرونِ ملک سے ہزاروں کاروباری شخصیات، صنعت کار، درآمد کنندگان، برآمد کنندگان، ڈسٹری بیوٹرز، محققین، پالیسی سازوں اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔

نمائش کے ساتھ ساتھ منعقد ہونے والی ڈیجیٹل ٹیکسٹائل پرنٹنگ انڈسٹری ایکسپو (DTPIE) نے شرکاء کو ڈیجیٹل ٹیکسٹائل پرنٹنگ، سکرین پرنٹنگ، ٹیکسٹائل پروسیسنگ، فنشنگ ٹیکنالوجیز اور صنعتی آٹومیشن میں ہونے والی جدید ترین پیش رفت سے آگاہی حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا۔

نمائش میں ٹیکسٹائل کیمیکلز، ڈائز اور انٹرمیڈیٹس، پگمنٹس، پرنٹنگ ٹیکنالوجیز، پینٹس اینڈ کوٹنگز، فارماسیوٹیکلز، فوڈ کیمیکلز، ایگرو کیمیکلز، کھادیں، پیٹروکیمیکلز، ڈٹرجنٹس، لیدر کیمیکلز، واٹر ٹریٹمنٹ، سپیشلٹی کیمیکلز، لیبارٹری آلات، صنعتی مشینری اور ماحولیاتی ٹیکنالوجیز سمیت متعدد شعبوں کی نمائندگی کی گئی۔

ایونٹ کے منتظم راشد الحق نے کہا کہ 11ویں کلر اینڈ کیم ایکسپو کا مقصد صنعتی شعبے سے وابستہ مختلف سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور مینوفیکچرنگ و صنعتی ترقی کے مستقبل کو تشکیل دینے والی جدید ترین اختراعات کو اجاگر کرنا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ نمائش پاکستان کے صنعتی شعبے کی بڑھتی ہوئی مضبوطی کا واضح مظہر ہے اور اس نے مقامی و عالمی کمپنیوں کو نئی مصنوعات متعارف کرانے، کاروباری روابط کو وسعت دینے اور ابھرتے ہوئے کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم فراہم کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...