آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کی نجکاری کے حتمی فیصلے کا اختیار کابینہ کمیٹی کے سپرد
اسلام آباد:(دنیا نیوز) آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کی نجکاری میں پیشرفت سامنے آئی جس کے مطابق مشاورت نجکاری سے متعلق حتمی فیصلہ کابینہ کمیٹی کرے گی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا، جس میں آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کی نجکاری میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں نجکاری کمیشن کو ہدایت کی گئی کہ پاور ڈویژن کے ساتھ مشاورت کا عمل آئندہ ہفتے تک مکمل کیا جائے، پاور ڈویژن سے مشاورت کے بعد کابینہ کمیٹی نجکاری سے متعلق فیصلہ کرے گی۔
اجلاس میں نجکاری پروگرام میں مزید اداروں کو شامل کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا، کمیٹی نے نجکاری ڈویژن کی تجاویز ترامیم کے ساتھ منظور کرلیں جبکہ نجکاری کمیشن کے بجٹ کی بھی ترامیم کے ساتھ منظوری دے دی گئی۔
پاور ڈویژن کے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ کابینہ کمیٹی نے سالانہ نجکاری پروگرام اور آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیا اور نجکاری کمیشن کو نجکاری کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل کو تیز، باہمی رابطے کے ساتھ اور مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments