ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لٹر کمی جلد متوقع ہے: علی پرویز ملک

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر براے پٹرولیم علی پرویز نے کہا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لٹر کمی جلد متوقع ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ کہ حکومت کو عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے اور مشکل وقت ضرور ختم ہوگا، حکومت عوام کو ریلیف دینے اور مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ عوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے ریلیف دیا گیا ہے، جبکہ حکومت نے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا،کہ دنیا کے بے شمار ممالک کو مشکلات کا سامنا ہے، حتیٰ کہ ڈیزل پیدا کرنے والے ملک روس کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔

وفاقی وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آئل ریفائنریز کے حکام کے ساتھ دو تین نشستیں ہوئیں، جس کے بعد آئل ریفائنریز نے ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا ہے، ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لٹر تک کمی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں جلد بڑی کمی متوقع ہے اور اوگرا آج ہی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

عطا تارڑ

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا  تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں وزیر پٹرولیم اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ موجودہ مشکل حالات میں جہاں تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، وزیراعظم کو عوام کو درپیش مشکلات کا مکمل احساس ہے اور انہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو سبسڈی فراہم کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خطے میں جنگ کے باعث دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم حکومت عوام پر اس کے اثرات کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

عطا تارڑ نے مزید بتایا کہ اوگرا کی جانب سے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا جائے گا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں عوام کیلئے مزید خوشخبریاں سامنے آئیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...