وزیر خزانہ سے اسیاڈ گروپ کے وفد کی ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا عزم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی سرمایہ کار گروپ اسیاڈ نے پاکستان میں اپنی موجودہ سرمایہ کاری میں توسیع اور نئے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے اسیاڈ گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر غسان احمد امودی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں گروپ کی موجودہ سرمایہ کاری، کاروباری توسیع اور نئے سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسیاڈ گروپ نے پاکستان کو طویل المدتی سرمایہ کاری کی منزل قرار دیتے ہوئے مزید سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی، گروپ نے پاکستان کے آئندہ ایئرپورٹ نجکاری عمل میں شرکت میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔ اسیاڈ گروپ سعودی اور عالمی شراکت داروں کو ایئرپورٹ آپریشنز کے لیے ساتھ ملانے پر کام کر رہا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں مسلسل دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نجکاری کے عمل کے ذریعے سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔
ملاقات میں اسیاڈ گروپ کے ذیلی ادارے وافی انرجی کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں توسیع پر بھی گفتگو ہوئی، وافی انرجی نے اپنے ریٹیل نیٹ ورک، اسٹوریج انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹلائزیشن منصوبوں کو مزید وسعت دینے کا اعلان کیا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں سرمایہ کاری اور آپریشنز بڑھانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
اسیاڈ گروپ نے پاکستان کے مالیاتی شعبے میں بھی مزید سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کی جانب پیش رفت کر رہا ہے اور اہم معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے۔ حکومت مالیاتی نظم و ضبط، ساختی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اسے علاقائی منڈیوں کے لیے گیٹ وے بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور معیشت میں نجی شعبے کا کردار بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
ملاقات کے دوران اسیاڈ گروپ نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ اقتصادی و تجارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments