پیٹرولیم مہنگائی پر ٹرانسپورٹرز کا کرائے 5 فیصد مزید بڑھانے کا اعلان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پرگڈز ٹرانسپورٹ نے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نےکہا کہ گزشتہ 4 روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 20 روپے اورپیٹرول کی قیمت میں 24 روپے اضافہ کیا گیا ہے، اس سے قبل 20 اگست سے 7 ستمبر تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 23 روپے تک اضافہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے، 8 سے 17 اگست تک جاری ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پٹرولیم نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کی تھی،حکومت کی جانب سے کیے گئے معاہدوں پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر ہڑتال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے معاملات کے حل کے لیے 40 دن کا وقت مانگا تھا، جو اگلے ہفتے ختم ہو رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments