ٹی 20 ورلڈکپ ٹرافی کا دورہ اسلام آباد، مختلف مقامات پر رونمائی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں سال جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی اسلام آباد پہنچ گئی۔

دورہ پاکستان پر آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ ٹرافی کی رونمائی اسلام آباد کے مختلف مقامات پر کردی گئی۔

ٹی 20 ورلڈکپ ٹرافی کو ڈبل ڈیکر بس کے ذریعے ڈی چوک، فیصل مسجد اور پاکستان مونومنٹ پہنچایا گیا، اس موقع پر پی سی بی، آئی سی سی کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

پاکستان مونو منٹ پر ٹرافی کا فوٹوشوٹ بھی ہوا، ٹی 20 ٹرافی کو دیکھ کرشائقین کرکٹ کی خوشی اور جذبات قابل دید تھے، شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی ٹرافی کی تصاویر لیں۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی اسلام آباد کے بعد ایبٹ آباد اور لاہور لے جائی جائے گی جہاں پاکستان، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پانچویں ٹی 20 میچ کے موقع پر ٹرافی کی رونمائی قدافی سٹیڈیم میں بھی ہوگی جبکہ ٹرافی پاکستان میں دورہ مکمل کرنے کے بعد بھارت جائے گی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں