قومی ویمن ٹیم پر بہت کام کرنا باقی ہے: چیئرمین پی سی بی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ قومی ویمن ٹیم پر ابھی بہت کام ہونا باقی ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم سے پاکستان کی پے در پے شکستوں پر دکھ ہے، قومی ویمن ٹیم کیلئے بھی غیر ملکی کوچ کی تلاش کررہے ہیں، خواتین کرکٹرز کے لیے بھی ویسے ہی اقدامات کریں گے جیسے مینز ٹیم کے لیے کیے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کا پیسہ کرکٹ پر لگے گا، یہ بینکوں میں نہیں رکھا جائے گا، نیشنل سٹیڈیم ترقیاتی کام کے بعد دنیا کے بہترین سٹیڈیمز میں سے ایک ہو گا، کراچی سٹیڈیم کے اطراف میں ہوٹل کے بارے میں جلد خوشخبری ملے گی۔

محسن نقوی نے پی سی بی آفیشلز سے ایف آئی اے کی تفتیش کے معاملے پر کہا کہ یہ معاملہ اتنا بڑا نہیں ہے، وہ ادارہ بھی میرے ماتحت ہے، معاملہ اندرونی طور پر حل کریں گے، اگر کوئی اچھا کام کررہا ہے تو اس کو محدود کیوں کریں۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی اس کیلئے ہماری تیاریاں جاری ہیں، کسی بھی موقع پر تیاری نہیں رکے گی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں