سارک سیکرٹری جنرل محمد غلام سرور کا پہلا دورہ پاکستان، وزیر اعظم سے ملاقات

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سارک سیکرٹری جنرل محمد غلام سرور کا دورہ پاکستان، سارک سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کی۔

محمد غلام سرور پاکستان کے اپنے پہلے دورہ پر ہیں، وزیراعظم نے محمد غلام سرور کو سارک کے 15 ویں سیکرٹری جنرل کے طور پر تقرری کی مبارکباد دی، شہباز شریف نے کہا کہ سیکرٹری جنرل تنظیم کی بحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

سیکرٹری جنرل سارک کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے، وزیراعظم نے بنگلہ دیش کی وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سارک میں علاقائی ترقی، تجارت، تعاون اور اشتراک کے بے پناہ امکانات ہیں، وزیراعظم نے سارک کو خطے میں ترقی اور خوشحالی پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے سارک چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان سارک عمل کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

سیکرٹری جنرل سارک نے پُرتپاک میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، سیکرٹری جنرل نے سارک کو علاقائی تعاون کیلئے ایک موثر پلیٹ فارم بنانے کے عزم سے آگاہ کیا، سیکرٹری جنرل سارک نے اپنے وفد کی مہمان نوازی پر وزیراعظم کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں