مہدی حسن میراز نے ٹیسٹ سیریز کی انعامی رقم مرحوم رکشہ ڈرائیور کے اہل خانہ کو دے دی
ڈھاکا: (ویب ڈیسک) بنگلادیشی کرکٹر مہدی حسن میراز نے اپنا وعدہ پورا کردیا، انہوں نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے دوران ملنے والی اپنی انعامی رقم مرحوم رکشہ ڈرائیور کے اہلِ خانہ کو دے دی۔
بنگلادیش نے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران تاریخ رقم کرتے ہوئے پاکستان کو ناصرف پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ میں شکست دی بلکہ سیریز میں 0-2 سے وائٹ واش بھی کردیا۔
مہمان ٹیم کی پاکستان کے خلاف اس کامیابی میں بولنگ آل راؤنڈر مہدی حسن میراز نے کلیدی کردار ادا کیا اور پلئیر آف دی سیریز قرار پائے تھے۔
مہدی حسن میراز نے اپنی انعامی رقم مرحوم رکشہ ڈرائیور کے اہل خانہ کو دینے کا اعلان کیا تھا جو بنگلادیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف تحریک کے دوران پولیس کے کریک ڈاؤن کے دوران ہلاک ہوگئے تھے۔
مہدی حسن میراز نے پاکستان میں تاریخی کامیابی کے بعد اپنی انعامی رقم دینے کا اعلان کیا تھا۔