چیمپئنز ون ڈے کپ کو پی سی بی کے آئین میں شامل کرنے کی تجویز
فیصل آباد: (دنیا نیوز) چیمپئنز ون ڈے کپ کو پی سی بی کے آئین میں شامل کرنے کی تجویز پیش کر دی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے فیصل آباد میں بورڈ آف گورنرز (بی او جیز) کے 74 ویں اجلاس کی صدارت کی جس میں چیمپئنز ون ڈے کپ کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور تجویز دی گئی کہ اس ٹورنامنٹ کو بورڈ کے آئین میں شامل کیا جائے۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق بورڈ آف گورنرز نے ٹورنامنٹ کے ساتھ شراکت کے لیے سرکردہ اور نامور کمرشل اور میڈیا اداروں کو راغب کرنے اور راضی کرنے میں محسن نقوی کی کوششوں کو سراہا جس میں ملک کے بہترین کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں۔
بورڈ آف گورنرز نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ چیمپئنز کپ کو جس میں ٹی 20 اور چار روزہ فارمیٹ کے ایونٹس شامل ہیں پی سی بی کے آئین 2014 میں شامل کیا جائے تا کہ یہ سالانہ حصہ بن جائے اور اس سے پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں تسلسل اور مستقل مزاجی مزید آئے گی۔
بورڈ آف گورنرز نے تجویز پیش کی کہ فیصل آباد کے شائقین کے زبردست جوش وخروش کو دیکھنے کے بعد پی سی بی کو اقبال سٹیڈیم کا مکمل کنٹرول حاصل کرنا چاہیے اور اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنا چاہیے جس سے اس وینیو کو بحال کیا جا سکے اور ایک بار پھر دو طرفہ بین الاقوامی سیریز کی میزبانی کی جا سکے۔
ڈیزائن اور کام کے دائرہ کار کے حوالے سے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی پیش رفت پر بورڈ آف گورنرز کو ایک اپ ڈیٹ فراہم کی گئی ہے۔
ممبران نے پراجیکٹس پر اپنی مکمل حمایت اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے اور ایک بار جب پراجیکٹ مکمل ہو جائیں گے تو یہ پاکستان اور پاکستان کرکٹ کے امیج اور پروفائل کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔