چیمپئنز ون ڈے کپ: پینتھرز نے لائنز کو84 رنز سے شکست دیدی

Sorry, the video player failed to load.(Error Code: 101102)

فیصل آباد: (دنیا نیوز) چیمپئنز ون ڈے کپ 2024 کے پانچویں میچ میں پینتھرز نے لائنز کو 84 رنز سے شکست دیدی۔

فیصل آباد کے اقبال کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے چیمپئنز ون ڈے کپ 2024 کے پانچویں میچ میں پینتھرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 283 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں لائنز کی پوری ٹیم 36 ویں اوور میں 199 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔

پینتھرز کی اننگز

پینتھرز کی جانب سے صائم ایوب اور ازان اویس نے اننگز کا آغاز کیا مگر اوپنر بلے باز ازان اویس کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور محض ایک رن بنا کر سراج الدین کی گیند پر عرفان خان کو کیچ دے بیٹھے۔

ازان اویس کے بعد آنے والے بلے باز عمر صدیق بھی صائم ایوب کا ساتھ نہ نبھا سکے اور بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے، انہیں کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سجاد علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔

دو کھلاڑی جلد آؤٹ ہونے کے بعد اوپنر بلے باز صائم ایوب اور عثمان خان بھی ٹیم کیلئے کچھ اچھا نہ کرسکے اور دونوں بالترتیب 10 اور 11 رن بنا کر چلتے بنے، ان کی وکٹیں عامر یامین اور سراج الدین نے لیں۔

پینتھرز کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد مبصر خان اور حیدر علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اور دونوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، بعدازاں مبصر خان 90 رنز پر ہمت ہار گئے اور عامر یامین کی گیند پر سراج الدین کو کیچ دے بیٹھے۔

ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے حیدر علی بھی 84 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ کپتان شاداب خان 29 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیل کر احمد دانیال کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

ان کے بعد ٹیل اینڈرز میں سے کوئی بھی جم کر نہ کھیل سکا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی گئیں، عماد بٹ ایک، عرفات منہاس 9، اسامہ میر اور محمد حسنین 5، 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

لائنز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور احمد دانیال نے 3،3 جبکہ سراج الدین اور عامر یامین نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

لائنز کی اننگز

لائنز کی جانب سے اننگز کا آغاز سجاد علی اور امام الحق نے کیا تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ نبھا سکی اور سجاد علی 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ امام الحق نے 60 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔

دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے، عمیر یوسف 20، عرفان خان 35، خوشدل شاہ 22، عامر یامین 10، احمد دانیال 16 ،سراج الدین نے 19 رنز بنائے جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

پینتھرز کی جانب سے اسامہ میر اور شاداب خان نے 3،3، محمد حسنین نے 2 جبکہ عماد بٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں