پاکستان کا ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز، لنکا ڈھیر
شارجہ: (دنیا نیوز) آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 31 رنز سے شکست دیکر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کردیا۔
شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے میگا ایونٹ کے دوسرے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے سری لنکا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 116 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
117 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بناسکی، نیلکشیکا سلوا22اور وشمی گونارتنے20رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکی۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال نے 3 جبکہ فاطمہ ثناء، عمائمہ سہیل اور نشرہ سندھو نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثناء 30 رنز کیساتھ نمایاں رہیں، منیبہ علی 11، سدرہ امین 12، عمامہ سہیل 18 ، ندا ڈار 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکی۔
سری لنکا کی جانب سے اودیشیکا، سوگنڈیکا کماری اور چماری اتھا پتھونے تین ،تین وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ اس قبل ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ بنگلادیش اور سکاٹ لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں بنگلادیش نے سکاٹ لینڈ کو 16 رنز سے شکست دی۔