دوسرا ٹی ٹوئنٹی، بھارت کو جنوبی افریقا کے ہاتھوں شرمناک شکست
چندی گڑھ: (دنیا نیوز) 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا نے بھارت کو 51 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
چندی گڑھ میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز سکور کیے، پروٹیز کی جانب سے کوئنٹن ڈی کاک دھواں دار 90 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
جنوبی افریقا کے دیگر کھلاڑیوں میں کپتان ایڈن مارکرم 29، ڈیوالڈ بریوس 14 اور ریزا ہینڈرکس 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈونوون فریرا اور ڈیوڈ ملر بالترتیب 30 اور 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے، بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی نے 2 اور اکشر پٹیل نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کی ٹیم آخری اوور میں 162 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، بھارت کی جانب سے تک ورما 62 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ جتیش شرما 27، ہاردک پانڈیا 20، اکشر پٹیل 21، ابھیشیک شرما 17، کپتان سوریا کمار یادو 5، ارشدیپ سنگھ 4 اور شیوم ڈوبے صرف 1 رن بنا سکے، شبمن گِل اور ورون چکرورتی بغیر کوئی رن بنائے ہی آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے اوٹنل بارٹمن نے 4 وکٹیں حاصل کیں، مارکو جینسن، لنگی اینگیٹی اور لوتھو سِیپامالا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سیریز کا تیسرا میچ 14 دسمبر کو دھرمشالا میں کھیلا جائے گا۔