کچے کے ڈاکوؤں کی سہولت کاری میں ملوث 9 ملزم گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) رینجرز اور پولیس کی اندرون سندھ کچے کے علاقے میں ڈکیتوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

رینجرز اور پولیس نے کندھ کوٹ تحصیل تنگوانی کے علاقے میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سہولت کاری میں ملوث 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزمان کا تعلق کوکاری نندوانی مجرم گروہ سے ہے، چھاپہ سندھ رینجرز اور پولیس کی جانب سے 18 مارچ 2024 کو استاد اللہ رکھیو نندوانی کے قتل میں ملوث سہولت کار ہاسو بنگلانی اور یاسین بنگلانی کی گرفتاری کیلئے مارا گیا۔

دوران آپریشن مجرموں کی کمین گاہوں کو تباہ اور 9 مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا، رینجرزکی جانب سے مرکزی ملزموں کی گرفتاری تک آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں