پتنگ بازوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 1900 سے زائد ملزمان گرفتار

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر لاہور پولیس کا پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال پتنگ بازی کے خلاف کارروائیوں کے دوران ایک ہزار 872 مقدمات درج کر کے ایک ہزار 931 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضہ سے 37 ہزار 350 سے زائد پتنگیں اور ایک ہزار 622 چرخیاں برآمد ہوئیں۔

ترجمان نے بتایا کہ کینٹ ڈویژن میں پتنگ بازی کے 434، سول لائنز میں 165، سٹی ڈویژن میں 451، اقبال ٹاؤن میں 255، صدر میں 285 اور ماڈل ٹاؤن میں 341 ملزمان گرفتار ہوئے۔

سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ دھاتی ڈور اور پتنگ بازی کے جان لیوا کھیل میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، قاتل ڈور اور پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال میں ملوث قانون شکن عناصرسے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے۔

انہوں نے پولیس فورس کو ہدایت کی کہ کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت انسانی زندگیوں سے کھیلنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیوں میں تیزی لائی جائے، پتنگ سازوں اور ڈور مینوفیکچررز کے قلع قمع کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔

سی سی پی او لاہور نے شہریوں سے التماس کی ہے کہ کائٹ فلائنگ ایک جان لیوا شوق ہے اس لیے والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے روکیں، شہری اپنی سماجی ذمہ داری نبھائیں، پتنگ بازی کی اطلاع 15 پر دیں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں