کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان جاں بحق، ایک زخمی، مبینہ مقابلے کے دوران 3 ملزم گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق، ایک شدید زخمی ہو گیا جبکہ مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 3 ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سٹیل ٹاؤن میں نامعلوم ملزموں نے گولیاں مار کر شہری کو موت کے گھاٹ اتار دیا، مقتول کا موبائل اور رقم موجود نہیں تھے، پولیس نے لاش ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 6 کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر ملزموں نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو شدید زخمی کر دیا، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا۔

کراچی کے علاقے تھانہ پاک کالونی میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، تینوں ملزم سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھے، پولیس نے تھانے منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں