پاکپتن: ہلڑ بازی سے روکنے پر اوباشوں کی شہری کے گھر پر فائرنگ، بچہ زخمی

پاکپتن: (دنیا نیوز) پاکپتن میں اوباشوں کو گلی میں شراب پی کر ہلڑ بازی کرنے سے روکنا شہری کو مہنگا پڑ گیا، اندھا دھند فائرنگ سے 13 سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکپتن کے علاقے میں شہری نے اوباشوں کو شراب پی کر گلی میں ہلڑ بازی کرنے سے روکا تو وہ آپے سے باہر ہو گئے، نوجوانوں نے شہری کے گھر پر دھاوا بولا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، 3 سے 5 نوجوانوں نے دروازے پر متعدد گولیاں چلائیں۔

گولی لگنے سے 13 سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کی ہسپتال منتقل کر دیا، فائرنگ کرنے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے، اہل علاقہ نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دینے کیلئے متعدد کالیں کیں مگر ایک نہ سنی گئی، بعد ازاں پولیس نے 9 ملزموں کیخلاف ایف آئی آر درج کر لی۔

شہری کے گھر پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اوباش نوجوان گھر کی طرف بڑھتا ہے اور دروازے کو ٹانگ مارتا ہے، اس کے بعد پستول سے فائرنگ شروع کر دیتا ہے، بعد ازاں مزید نوجوانوں کو بھی فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں