مومنہ اقبال کا بھی کرکٹرز کی جانب سے پیغامات موصول ہونے کا انکشاف

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ مومنہ اقبال نے بھی پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے پیغامات موصول ہونے کا انکشاف کر دیا۔

بے شمار پاکستانی ڈراموں میں جاندار اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ مومنہ اقبال حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔

پروگرام کے دوران میزبان نے اداکارہ سے سوال کیا کہ "آج کل یہ بات بہت ہو رہی ہے کہ کرکٹرز میسیجز کرتے ہیں، کیا کبھی کسی کرکٹر نے آپ کو میسیج کیا؟"

جواب میں مومنہ نے انکشاف کیا کہ "جی آئے ہیں پیغامات کیونکہ ہم تقریباً ایک ہی انڈسٹری سے ہیں، کسی نہ کسی شو میں ملاقات ہو جاتی ہے جس کے سبب سلام، دعا اور اچھی بات چیت ہوجاتی ہے"۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ "پیغامات خیریت پوچھنے جیسے ہی ہوتے ہیں لیکن جن کرکٹرز نے پیغامات بھیجے ان کے مجھے نام نہیں یاد آ رہے"۔

میزبان نے ان سے پیغامات بھیجنے والے کرکٹرز کے نام پوچھے جس پر انہوں نے نام بتانے سے گریز کرتے ہوئے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ " میسیج کرنے والوں میں سے ایک بیٹسمین تھے اور ایک میسیج کرنے والے مجھ سے عمر میں کافی بڑے تھے"۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں