پاکستان فلم انڈسٹری کی نٹ کھٹ اداکارہ بابرہ شریف نے زندگی کی 70 بہاریں دیکھ لیں

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان فلم انڈسٹری کی نٹ کھٹ، خوبصورت، باصلاحیت اور منفرد اداکارہ بابرہ شریف نے زندگی کی 70 بہاریں دیکھ لیں۔

10 دسمبر 1954ء کو پیدا ہونے والی خوبرو اداکارہ لالی ووڈ کی ایسی فلمی ہیروئن ہیں جنہوں نے اپنے تین عشروں پر مشتمل طویل فلمی کیریئر کے دوران اپنی اداکاری، دلکش مسکراہٹ اور لاجواب پرفارمنس سے مداحوں کے دلوں پر خوب راج کیا۔

اداکارہ بابرہ شریف نے اپنے فن کا آغاز 1973ء میں ڈرامہ کرن کہانی سے کیا اور جلد ہی فلم انڈسٹری کا حصہ بن گئیں، 1970 اور 1980 کی دہائیوں میں وہ پاکستان کی صف اول کی اداکاراؤں میں شامل ہوئیں۔

خوبرو اداکارہ بابرہ شریف نے 30 سالہ کیریئر میں 100 سے زیادہ فلموں میں کام کیا، ان کی مشہور فلموں میں میرا نام ہے محبت، شبانہ اور شریف بدمعاش سمیت متعدد فلموں نے کامیابی کے نئے ریکارڈز قائم کئے۔

بابرہ شریف نے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد، شہنشاہ جذبات محمد علی اور سلطان راہی سمیت اپنے دور کے نامور اداکاروں کے ساتھ جلوہ گر ہو کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

بابرہ شریف نے اپنے طویل کیریئر کے دوران اپنی اداکاری کے لئے کئی بڑے ایوارڈزحاصل کئے، جن میں 8 مرتبہ بہترین اداکاری کے نگار ایوارڈز بھی شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں